لاہور(پنجاب پوسٹ)ورلڈ رورل ڈیویلپمنٹ ڈے کے موقع پر صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن دیہی آبادی کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی کے عزم کی تجدید کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی ہی خوشحال پاکستان اور مضبوط معیشت کی بنیاد ہے، کیونکہ ملک کی بڑی آبادی کا انحصار دیہی علاقوں اور زرعی شعبے پر ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور وہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، معیاری تعلیم، بہتر طبی سہولیات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ دیہی آبادی کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:جامعہ پنجاب فٹ بال میچ کے دوران جھگڑا، ایک طالب علم کی موت واقع ہوگئی
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب دیہی نوجوانوں کو ہنر، روزگار اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے، تاکہ انہیں بااختیار بنا کر ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقی، جدید دیہی انفراسٹرکچر اور پائیدار منصوبہ بندی کے ذریعے نہ صرف دیہی علاقوں کو ترقی دی جا سکتی ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب دیہی علاقوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔











