غیر ملکی خواتین کیس: کیا خواتین کیساتھ زیادتی ہوئی؟ میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈیفنس میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغواء اور اجتماعی جنسی زیادتی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹ میں ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے تین افراد نے دورانِ تفتیش خاتون سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے، جبکہ تحقیقات کے مطابق ملزمان نے خواتین سے ان کے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 19 ہزار امریکی ڈالر بھی منتقل کروائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خواتین نے کرپٹو کرنسی میں چار سے پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی تھی، جس کی واپسی کا مطالبہ ملزمان کی جانب سے کیا جا رہا تھا۔


ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق ملزمان اور متاثرہ خواتین کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان کے موبائل فونز بھی فرانزک جانچ کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فرانزک اور ڈی این اے رپورٹس موصول ہونے کے بعد تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے واضح کیا کہ ملزمان کو کسی قسم کا پروٹوکول نہیں دیا جا رہا، انہیں پہلے دن سے عام ملزمان کی طرح حوالات میں رکھا گیا ہے اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی تفتیش مکمل میرٹ پر کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق انصاف یقینی بنایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے