سوات میں کشتی حادثہ ، جاں بحق افراد کے اہلخانہ لطیف کھوسہ کے سامنے کے پی حکومت کیخلاف پھٹ پڑے

لاہور:(پنجاب پوسٹ) خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام وادی کالام کی جھیل سیف اللہ میں لاہور کے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے مرحوم پاک بحریہ کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل کی رہائش گاہ، ڈیفنس فیز 6 لاہور پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

جاں بحق افراد کے برادر نسبتی نوید چیمہ نے واقعے کو حکومتی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر جھیل میں طغیانی تھی تو سیاحوں کو پیشگی آگاہ کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سیاحتی مقامات پر حفاظتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر واضح طور پر درج ہوتی ہیں، جبکہ یہاں نہ کسی قسم کی وارننگ دی گئی، نہ لائف جیکٹس فراہم کی گئیں اور نہ ہی سیاحوں کی حفاظت کے مناسب انتظامات موجود تھے۔

نوید چیمہ نے کہا کہ سانحے کے مقام پر مقدمہ تو درج کیا گیا، تاہم اب تک تحقیقات سے متعلق انہیں کوئی آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائیں گے اور ذمہ داروں کا تعین ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سانحے میں ان کے خاندان کی تین نسلیں ختم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ لاشیں منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی گاڑی کا راستے میں پٹرول ختم ہو گیا، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک سانحے پر ان کے پاس الفاظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنی بنیادی شہری ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں اور ہر بڑے سانحے کے بعد صرف افسوس کا اظہار کر کے بری الذمہ ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جھیل سیف اللہ سانحے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی تین نسلیں اس حادثے کی نذر ہو گئیں، جبکہ ایک بچی تاحال لاپتا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے