(پنجاب پوسٹ) منڈی بہاءالدین کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں گھریلو ناچاکی کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر چھریوں کے وار کر کے اپنی 18 سالہ بیٹی کو قتل جبکہ گھر کے مزید چار افراد کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عمر فاروق نے گھریلو تنازع پر طیش میں آ کر اہل خانہ پر چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کی 18 سالہ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ حملے میں ملزم کی 14 سالہ بیٹی، 35 سالہ بہن، 20 سالہ بھائی اور 60 سالہ والدہ بھی زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:غیرملکی خواتین سے مبینہ زیادتی کا معاملہ، بیان حلفی میں خاتون کے تہلکہ خیز انکشافات
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔













