کیا بلاول بھٹو اگلے وزیراعظم ہوں گے؟ گورنر پنجاب کا بڑا سیاسی پیغام

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب کی سیاست میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید متحرک کرنے کی کوششوں کے درمیان گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پارٹی کارکنوں کو منظم اور فعال کردار ادا کرنے کا پیغام دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔

گورنر پنجاب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 67 کامونکی، چوہدری شہزاد علی گل کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کے مختلف وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی پی 67 کے کوآرڈینیٹر چوہدری محمد خورشید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور علاقے کی سیاسی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے چوہدری شہزاد علی گل کو تحصیل کی سطح پر پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے کی کوششوں پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ایسی عوامی جماعت ہے جو عوام کے مسائل کو نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ ان کے عملی حل پر بھی یقین رکھتی ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوامی خدمت، آئین و قانون کی بالادستی اور ریاستی اداروں کا استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنانا ان کا سیاسی ہدف ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو ملک و قوم کا نوجوان رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں وہ قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں جو پاکستان کو بہتر سمت میں لے جا سکتی ہیں۔ ان کے مطابق سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سننا اور انہیں حل کرنا ہے، اور یہی پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور بھی ہے۔

گورنر پنجاب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور کارکنوں کے تعاون سے عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے