لاہور( پنجاب پوسٹ) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے پروگرام کے خدوخال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں خستہ حال مکانوں کی مرمت و بحالی اور مستحق خاندانوں کی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ قرضے بلاسود، کم لاگت اور شفاف طریقہ کار کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ نئے پورشن کی تعمیر، گھر کی مرمت یا چھت ڈالنے کیلئے 5 سے 10 لاکھ روپے تک بذریعہ ای پورٹل قرض حاصل کیے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت نئے گھروں کی تعمیر کے ساتھ خستہ حال مکانات کی مرمت بھی ممکن بنائی جائے گی۔
یہ بھی پرھیں : وزیر اعلیٰ مریم نواز کے سانحہ کاہنہ میں متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس تقسیم
بلال یاسین نے بتایا کہ "اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال میں بھی ایک لاکھ خاندانوں کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ہر مستحق خاندان کو محفوظ، باوقار اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی ہے۔ اس اسکیم سے کم آمدن والے، بے گھر اور کچے مکانات میں رہنے والے خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ پروگرام سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے مستحق افراد کو فائدہ پہنچانے پر توجہ دی جائے گی۔
وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ اس اقدام سے تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اسکیم پر تیز رفتار، مؤثر اور شفاف عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام سے کمزور طبقات کے معیارِ زندگی میں بہتری اور سماجی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔








