وزیر اعلیٰ مریم نواز کے سانحہ کاہنہ میں متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس تقسیم

لاہور: (پنجاب پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سانحہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کے لیے کاہنہ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے غم سے نڈھال والدین، خصوصاً ماؤں سے ملاقات کی، انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہونے کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر الفاظ کم اور غم بہت بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننھے پھولوں کا اس طرح ہمیشہ کے لیے بچھڑ جانا انتہائی دلخراش ہے اور دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی مالی امداد نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ "آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے، حکومت پنجاب اس مشکل گھڑی میں آپ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔”

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین اور بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن داد رسی کو یقینی بنائے گی اور سانحہ کاہنہ کے متاثرین کی بحالی اور معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوگوار خاندانوں کو اس کڑے امتحان میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے