لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث شارٹج کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی جانب سے اسٹاک چیکنگ اور چھاپوں کے باعث سپلائی کا نظام سست روی کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز اور ایف آئی اے کی کارروائیوں کے باعث آج لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کو معمول کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی نہ ہو سکی، جس کے باعث متعدد پٹرول پمپس پر محدود مقدار میں ایندھن باقی رہ گیا ہے۔
پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے، جہاں سے روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکر روانہ ہوتے ہیں، آج صبح سے اب تک ایک بھی آئل ٹینکر سپلائی کے لیے روانہ نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں:ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری احکامات
ذرائع نے مزید بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کے باعث متعدد پٹرول پمپ مالکان نے بھی معمول سے کم مقدار میں تیل منگوایا تھا، جس کے باعث موجودہ صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
پٹرول پمپ مالکان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سپلائی جلد بحال نہ ہوئی تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
تاہم، کسٹمز، ایف آئی اے یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس صورتحال پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔








