لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں وراثتی تنازعات، تشدد، ہراسگی، لین دین، چوری اور دیگر معاملات سے متعلق متعدد شہریوں کی درخواستیں سنی گئیں۔
کھلی کچہری کے دوران ایک شہری نے اپنے بھائی کو مبینہ طور پر زہریلی شے پلانے سے ہلاکت کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او رائیونڈ سٹی سے ویڈیو لنک پر فوری رابطہ کیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈاکٹری ملاحظہ رپورٹ مقدمہ درج کرنے کے لیے ناکافی ہے اور فرانزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس پر فیصل کامران نے فرانزک رپورٹ موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے والدہ کے زیورات پر مبینہ قبضے، ماموں زاد اور چچا کی جانب سے تشدد، لڑائی جھگڑے، چیک بک چوری، لین دین، جھوٹے مقدمات اور ہراسگی سے متعلق شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز کو فوری انکوائری اور قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: 2 سال بعد بڑی کاروائی، منشیات فروش پنکی کے مبینہ شوہر کے خلاف مقدمہ درج
اس موقع پر فیصل کامران کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو بروقت انصاف اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی اور شواہد کی روشنی میں ہر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس ایچ اوز کو سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف ہراسگی، تشدد اور استحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے وقار، تحفظ اور انصاف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔








