لاہور: (پنجاب پوسٹ)پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بغیر منظور شدہ نقشوں کے ہونے والی تعمیرات کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی کہ غیر قانونی تعمیرات، غیر قانونی کمرشلائزیشن اور رہائشی علاقوں میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر بلا تاخیر کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں وزیر ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ تعمیراتی منصوبوں میں قوانین اور بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ منظور شدہ نقشوں کے بغیر تعمیرات کسی صورت برداشت نہ کی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ان کی سہولت کاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بلال یاسین نے نقشوں کی منظوری کے نظام کو مزید شفاف، تیز رفتار اور آن لائن بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعمیرات شروع کرنے سے پہلے لازمی طور پر متعلقہ اداروں سے نقشے کی منظوری حاصل کریں اور قانونی طریقہ کار پر عمل کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر قانونی عمارتیں عوام کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں، اس لیے حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، حادثات کی روک تھام کے لیے تمام ادارے دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔








