فیصل آباد( پنجاب پوسٹ ) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی خفیہ مانیٹرنگ ٹیم نے نقل کی اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول ڈیپوٹیشن والا کے امتحانی سنٹر نمبر 125پر چھاپہ مارا، جہاں دورانِ چیکنگ نقل کے شواہد سامنے آ گئے۔
کارروائی کے دوران ٹیم نے متعدد طلبہ سے نقل کا مواد برآمد کر لیا جبکہ امتحانی عملے کے چار ارکان کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق نگران عملے کے لیے امتحانی قواعد کے تحت موبائل فون گورنمنٹ ہائی سکول ڈیپوٹیشن کے پاس جمع کروانا لازم ہوتا ہے، تاہم چیکنگ کے دوران یہ اصول بھی پامال پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کاہنہ حادثہ کے بعد کیا اب ٹیوشن سینٹرز بند ہوں گے ؟
مزید تحقیقات میں سامنے آیا کہ عملے کے موبائل فونز سے بعض طلبہ کی مدد کے لیے واٹس ایپ چیٹنگ بھی کی جا رہی تھی، جس سے امتحانی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے۔
وزیر تعلیم کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امتحانی عملے کو معطل کرنے کی سفارش کر دی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنی مانیٹرنگ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ "یہی وہ 20 فیصد عناصر ہیں جن کی وجہ سے پورا نظام بدنام ہوتا ہے، مگر ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔”
حکام کے مطابق امتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے اور نقل کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔













