لاہور( پنجاب پوسٹ ) کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں قائم نجی ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کا جامع سروے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق سروے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو آئندہ تین روز کے دوران شہر بھر میں قائم نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ جمع کرائیں گی۔ سروے کے دوران عمارتوں کی مضبوطی، حفاظتی انتظامات، طلبہ کی تعداد اور دیگر ضروری معلومات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : کاہنہ سانحہ: غفلت کی قیمت 14 معصوم جانیں، مقدمہ درج، 5 افراد زیرحراست
حکام کا کہنا ہے کہ سروے کی بنیاد پر شہر بھر کے نجی ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، جس کے بعد ان اداروں کی رجسٹریشن، نگرانی اور ریگولیشن کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے گی۔ اس عمل میں غیر رجسٹرڈ اور غیر محفوظ ٹیوشن سینٹرز کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے زونل ہیڈز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود کا کہنا ہے کہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی لیے نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کو باقاعدہ ریگولیٹ کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔








