لاہور: (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے "سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہوں” لوکل روڈ پروگرام نے مقررہ مدت سے قبل نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔ صرف 75 روز کے دوران پنجاب بھر میں 1134 شاہراہوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی، جبکہ 30 جون تک ایک ہزار سڑکوں کی تکمیل کا ہدف مقرر تھا۔ فیلڈ فارمیشنز نے دن رات محنت کرکے مقررہ ہدف سے 134 شاہراہیں زائد مکمل کیں، جسے حکومت نے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
اس کامیابی کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز (SEs) اور ایگزیکٹو انجینئرز (XENs) نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے کی پیش رفت، معیار اور آئندہ مرحلے کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز نے دل جیت لئے، اب لڑکیاں سکوٹی کیسے لے سکتی ہیں؟
صوبائی وزیر نے منصوبے کی بروقت اور کامیاب تکمیل پر تمام افسران اور فیلڈ ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، محنت اور دیانت داری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسی جذبے کے ساتھ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے اہداف پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ پنجاب کے مزید علاقوں میں جدید اور معیاری سڑکوں کا جال بچھایا جا سکے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے نئی تعمیر شدہ شاہراہوں پر لائن مارکنگ اور سائن بورڈز کی تنصیب آئندہ دس روز میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔











