لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزارت دفاع نے ملک میں ایوی ایشن کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے بڑا قدم اٹھا لیا ہے ۔ نئی نجی ایئرلائن سائوتھ ایئر کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے دستخط سے سائوتھ ایئر کو ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔ سائوتھ ایئر آئندہ چند روز میں اپنا فلائٹ آپریشن شروع کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے تعاون سے آئندہ چند روز میں پنجاب میں نئی ائیر لائن اپنی سروسز کا آغاز کر رہی ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار کے مطابق ملکی ایوی ایشن کے فروغ میں سی اے اے اپنا بہترین کردار ادا کرتا رہے گا۔سائوتھ ایئر پاکستان بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اپنی پروازیں چلائے گی۔سندھ بلوچستان پنجاب کے پی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے ایئرپورٹس پر پروازیں چلاکر مسافروں کی خدمت کریں گے۔ مسافروں کو سائوتھ ایئر خصوصی فلائٹ سروس مہیا کرے گی
ائیر لائن کی آزمائشی پروازوں کا کیا نتیجہ نکلا؟

واضح رہے کہ ساؤتھ ایئر نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے حال ہی میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سکھر ایئرپورٹ کے لیے کامیاب ٹیسٹ فلائٹس مکمل کی تھیں۔ ان ٹیسٹ پروازوں کے دوران سول ایوی ایشن کے انسپکٹرز نے ایئرلائن کے حفاظتی معیارات اور آپریشنل صلاحیتوں کی کڑی جانچ پڑتال کی تھی، جس کے بعد انہیں آپریشنل سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ متوقع طور پر یہ ایئرلائن آئندہ چند روز میں اپنے باقاعدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دے گی۔
ساوتھ ائیر کن کن علاقوں میں سروسز چلائے گی؟
نئی ائیر لائن کی توجہ بڑے شہروں کے بجائے ایسے رُوٹس پر ہو گی جہاں فضائی رابطوں کی ضرورت تو موجود ہے مگر سہولیات محدود ہیں۔یعنی اس سے گوادر، تُربت، سکھر، ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال جیسے شہروں کو بڑے شہروں سے جوڑا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر کے ائیر پورٹس تک بھی پروازوں کی سہولت دستیاب ہوگی ۔
ساوتھ ائیر کے آپریشنز کا پنجاب کے عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟

دنیا کے کئی ممالک میں علاقائی ایئرلائنز بڑے شہروں اور نسبتاً چھوٹے مراکز کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ ایئرلائنز عام طور پر ایسے طیارے استعمال کرتی ہیں جو کم مسافروں کے ساتھ مختصر فاصلہ طے کرنے کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔
ساؤتھ ایئر کے زیراستعمال بھی اے ٹی آر طیارہ اسی نوعیت کا ہے۔ یہ نسبتاً کم لاگت پر آپریٹ کیا جا سکتا ہے اور چھوٹے ہوائی اڈوں کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ساؤتھ ایئر خود کو ایک ایسی ایئرلائن کے طور پر پیش کر رہی ہے جو پاکستان کے کم توجہ پانے والے علاقوں کو فضائی رابطوں کے ذریعے قومی دھارے سے جوڑنا چاہتی ہے۔
ایوی ایشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں علاقائی ایئرلائنز کامیابی سے کام کرتی ہیں تو اس سے نہ صرف فضائی سفر کے مواقع بڑھ سکتے ہیں بلکہ کئی ایسے شہروں کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے جو اس وقت محدود فضائی سہولیات کے باعث ترقی کے بعض مواقعوں سے محروم ہیں۔








