کیا وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر ملک احمد خان کی ناراضی ختم ہوگئی؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) میڈیا اور سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے درمیان اختلاف اور ناراضی کی خبریں دم توڑ گئی ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے خوشگوار ماحول میں ملاقات نے تمام افواہوں کا قلعہ قمع کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار ضلع اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسوں کا آغاز، "ستھرا پنجاب” اور "اپنی چھت، اپنا گھر” جیسے منصوبے عوامی فلاح کے لیے سنگِ میل ثابت ہوئے ہیں، جبکہ ان پروگراموں کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی اسپیکر ملک محمد احمد خان کی پنجاب اسمبلی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، بہترین قانون سازی اور ایوان کو احسن انداز میں چلانے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا واحد ہدف پنجاب کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانا ہے، جبکہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی صرف دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس، تیز ترین رسپانس سسٹم، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات تاریخی ہیں، جبکہ خواتین کا خود کو محفوظ محسوس کرنا اور نوجوانوں کا مستقبل سے پُرامید ہونا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کا ترجمان اور صوبے کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے