راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راجہ بازار، راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں تاجر برادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی وزیر نے اپ گریڈڈ ماڈل راجہ بازار کے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی رفتار اور تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راجہ بازار کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں اور وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق جدید ماڈل بازار میں تبدیل کیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں اور تاجروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں گرین انقلاب، مزید کن شہروں میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی؟ اہم فیصلہ ہوگیا
وفاقی وزیر نے تاجروں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمت، راولپنڈی کی تعمیر و ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سہولیات میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ اپ گریڈڈ ماڈل راجہ بازار کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ شہر کی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور تاجر برادری کو جدید، محفوظ اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔











