لاہور: صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، ٹوٹی ہوئی بجلی کی تاروں اور دیگر برقی تنصیبات کے قریب کھیلنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران پانی میں ڈوبی ہوئی بجلی کی تنصیبات کے قریب ہرگز نہ جائیں کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے شہریوں پر زور دیا کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی برقی خطرے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران احتیاط، شعور اور بروقت اطلاع ہی برقی حادثات سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز کو ہر آفت سے محفوظ رکھے۔








