(پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے پنجاب ہیبیچیوئل آفینڈرز بل 2026 کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرانے کا عمل اگست تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی اور اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بل پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مجوزہ بل دوبارہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔
یاد رہے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی دو اجلاسوں کے بعد بل کی منظوری دے چکی تھی، جبکہ وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے 16 جون کو اس کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بل کی متنازع شقیں ختم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن رکن اسمبلی رانا آفتاب احمد خان نے ایوان میں بل سے متعلق اپنے تحفظات پر مبنی خط بھی پڑھ کر سنایا۔
وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مجوزہ بل اگست تک مؤخر رکھا جائے گا تاکہ تمام تحفظات کا جائزہ لے کر ضروری ترامیم کی جا سکیں۔











