لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2050 پر عوامی شنوائی، شہری تجاویز کو منصوبے کا حصہ بنانے کا اعلان

لاہور: (پنجاب پوسٹ)لاہور ڈویژن کے مستقبل کی شہری منصوبہ بندی کے لیے ماسٹر پلان 2050 کے حوالے سے عوامی شنوائی کا انعقاد ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس گلبرگ میں کیا گیا، جس میں ماہرین، کنسلٹنٹس، سٹیک ہولڈرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عوامی شنوائی کے دوران چیف میٹروپولیٹن پلانر فیصل مسعود قریشی نے شرکاء کو ماسٹر پلان 2050 کے مختلف پہلوؤں، اہداف اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ معروف آرکیٹکٹ کامل خان ممتاز اور پروفیسر شاکر محمود نے 2019 سے 2026 تک ماسٹر پلان کی تیاری، مشاورت اور مختلف مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی، جبکہ چیئرمین آباد ایس ایم نبیل نے شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور جدید شہری ضروریات کے پیش نظر ماسٹر پلان کی اہمیت اور افادیت پر زور دیا۔


سیمینار میں ماسٹر پلان پر کام کرنے والی بین الاقوامی کنسلٹنٹ فرم دارالہندسہ نے منصوبے کی پلاننگ، زوننگ، شہری ترقی، رہائشی و کمرشل علاقوں، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک اور مستقبل کی توسیعی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماسٹر پلان میں شہریوں کی تجاویز، محکمہ ماحولیات کی سفارشات اور دیگر متعلقہ اداروں کی آراء کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ منصوبہ زمینی حقائق اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
بریفنگ کے مطابق ماسٹر پلان میں لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کی مجموعی ترقی، آبادی میں ممکنہ اضافے، بے ہنگم شہری پھیلاؤ، رہائشی ضروریات، پبلک ٹرانسپورٹ، پیدل چلنے والوں کی سہولت، پارکس، گرین ایریاز، پانی کے وسائل، ثقافتی ورثے، ماحولیاتی آلودگی، سموگ، صنعتی توسیع اور سماجی و معاشی چیلنجز کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ شہر میں ہائی رائز رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ روڈا، سی بی ڈی، کنٹونمنٹ اور ڈی ایچ اے سمیت مختلف ترقیاتی علاقوں کو بھی ماسٹر پلان کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں اربن یونٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کی سفارشات کو بطور بیرونی جائزہ کار منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے اور ڈویلپرز سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر تکنیکی مسائل کے حل پر بھی کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں بھی عوامی شنوائیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی رائے حاصل کی جا سکے۔ سیمینار کے اختتام پر کنسلٹنٹس نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے، جبکہ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی شنوائی کے دوران موصول ہونے والی تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر انہیں ماسٹر پلان 2050 میں مناسب انداز میں شامل کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے