اوکاڑہ ( پنجاب پوسٹ)اوکاڑہ کے تھانہ صدر کی حدود میں راہ چلتی نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 45 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم نے لڑکی کے ساتھ اس کی والدہ اور بہنوں کی موجودگی میں مبینہ طور پر نازیبا حرکت کی، جس پر متاثرہ خاندان نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم ملزم نے پولیس کو دیکھ کر موٹرسائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی۔ فرار کے دوران موٹرسائیکل بے قابو ہو کر گر گئی، جس کے نتیجے میں ملزم کا بازو ٹوٹ گیا۔ پولیس نے زخمی حالت میں ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : لو میرج کے بعد سدرہ بی بی کا جرگے کے حکم پر قتل؛ کیس میں بڑی پیش رفت
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی ہے، جو 1/4-L کا رہائشی ہے۔ واقعے کے بعد تھانہ صدر اوکاڑہ میں ایس آئی محمد سعید کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے یا ان کے خلاف کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔













