لاہور ( پنجاب پوسٹ ) مرکزی مسلم لیگ نے سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی انتظامی تقسیم کی حمایت کرتے ہوئے ہر ڈویژن کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔
پنجاب پوسٹ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہم نے صوبائیت کا بت تراش کر اسکی پرستش شروع کردی ہے ۔ اس وقت سندھ کا تعلیمی نظام تباہی سے دوچار ہے ، صحت کا نظام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی وجہ سے قدرے بہتر ، بلدیاتی نظام بربادی کی داستان سنا رہا ہے۔ کراچی میں لولی لنگڑی جمہوریت ہے ۔ یہی صورتحال دیگر صوبوں کی بھی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :مرکزی مسلم لیگ کا اجلاس،مزمل اقبال ہاشمی مرکزی ترجمان مقرر
ترجمان مرکزی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹ بہت پہلے بن جانے چاہیے تھے ۔ نئے صوبوں پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔سیاسی جماعتوں کو دل گردہ کرکے بڑا آگے آنا چاہیے۔جس سیاسی جماعت کو نئے انتظامی یونٹ بننے سے اپنی سیاست ختم ہونے کا خطرہ ہو، اسے سیاست ہی نہیں کرنی چاہیے۔
مزمل اقبال ہاشمی کا پوڈ کاسٹ میں مزید کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے فیڈریشن کی بات سننے کو تیار نہیں ، نہ ہی بلدیات کو اختیار دئیے جاتے ہیں۔ ہمیں گہرائی کیساتھ اپنے مسائل کا جائزہ لینا چاہے ۔ ملتان سے اوپر اور حیدر آباد کے اوپر کے مسائل نظر انداز نہیں کرسکتے
سب سے پہلے اصل مسائل پر کھل کر بات ہونی چاہیے ،آئین کو بدنیتی سے نہیں بالکل مشاورت سے تبدیلی لائیں۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر عمرانی معاہدہ لیا جائے ۔













