لاہور: (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب ٹریفک پولیس کی جانب سے آن لائن ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کا دائرہ کامیابی سے وسیع کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق اب شہری گھر بیٹھے مختلف لائسنسنگ خدمات سے آسانی سے استفادہ کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق اب تک 1 کروڑ 54 لاکھ سے زائد شہری اپنا ای-لائسنس آن لائن ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، جبکہ 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد ملکی اور اوورسیز پاکستانی انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی آن لائن حاصل کر چکے ہیں۔ اسی طرح ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے 56 لاکھ 76 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 74 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ٹریکنگ سروس استعمال کی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی یوم انسدادِ منشیات: پنجاب میں 24.5 ٹن منشیات کی ترسیل
ترجمان کا کہنا ہے کہ دستک ایپ کے ذریعے نئے لرنر لائسنس، ریگولر لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس جیسی متعدد سہولیات گھر بیٹھے دستیاب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای-لائسنس کی قانونی حیثیت اور افادیت روایتی کارڈ لائسنس کے برابر ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے آن لائن سروسز کا بڑھتا ہوا استعمال پنجاب ٹریفک پولیس پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹریفک پولیس ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق دستک ایپ کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری سرکاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور جدید آن لائن سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔








