لاہور : (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 19 مفت سی ایم سپورٹس اکیڈمیز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمیز میں بچوں اور بچیوں کو 19 مختلف کھیلوں میں سال بھر عالمی معیار کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سی ایم سپورٹس اکیڈمیز میں اب تک 2500 سے زائد 6 سے 19 سال عمر کے بچوں اور بچیوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ ان اکیڈمیز کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنا اور مستقبل کے قومی و بین الاقوامی چیمپیئنز تیار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی ویمن ہاکی ٹیم کی خوراک تبدیل، اب کھلاڑی کیا کھائیں گی؟
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق پہلے مرحلے میں اکیڈمیز کا آغاز لاہور سے کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کا دائرہ کار ڈویژنل اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز تک بڑھایا جائے گا تاکہ صوبے بھر کے نوجوان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت نوجوانوں کو یکساں کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی اکیڈمیز میں ان کے اپنے بچے بھی تربیت حاصل کریں گے، جو اس منصوبے پر حکومت کے اعتماد کا اظہار ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہی نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اولمپکس سمیت عالمی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کریں گے اور ملک کے لیے گولڈ میڈلز جیتیں گے۔افتتاحی تقریب سے محمد طارق قریشی نے بھی خطاب کیا، جبکہ تقریب میں دو ہزار سے زائد بچوں اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس ملک سلیمان اور سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن بھی موجود تھے۔
محکمہ سپورٹس پنجاب کے تحت قائم سی ایم سپورٹس اکیڈمیز میں 6 سے 19 سال عمر کے بچے اور بچیاں رجسٹریشن کے ذریعے مختلف کھیلوں میں مفت تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن اور اکیڈمیوں سے متعلق مزید معلومات کے لیے متعلقہ سپورٹس کمپلیکس یا محکمہ سپورٹس پنجاب سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔












