لاہور:پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے زیر انتظام پنجاب پولیس میں اسسٹنٹ کی آسامیوں کے لیے دو روزہ تحریری امتحانات کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ امتحانات لاہور سمیت پنجاب پبلک سروس کمیشن کے سات ڈویژنز میں منعقد کیے گئے، جن میں صوبے بھر سے 50 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔
پی پی ایس سی کی جانب سے امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز کی ہدایات پر تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی گئی تاکہ امتحانی عمل کو ہر قسم کی بے ضابطگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
امتحانی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد احمد نے مختلف مراکز کے اچانک دورے کیے، جبکہ ممبر پی پی ایس سی نجم وحید نے بھی امتحانی مراکز کا معائنہ کرکے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور امتحانی ماحول کا خصوصی طور پر مشاہدہ کیا گیا۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی مراکز میں نصب موبائل فون سگنل جیمرز بھی چیک کیے گئے، جبکہ پی پی ایس سی کے ڈائریکٹرز نے ممبران کو انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دریں اثنا سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے ملتان میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گرمی کی شدت کے پیش نظر تفصیلی بریفنگ کو ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور بہترین انتظامات پر متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
پی پی ایس سی حکام کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام ڈویژنز میں جامع منصوبہ بندی کے تحت انتظامات کیے گئے، جس کے باعث دو روزہ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ امیدواروں نے بھی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے شفاف امتحانی ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔








