لاہور ( پنجاب پوسٹ ) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی ہدایت پر فوری کارروائیوں کے نتیجے میں صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2026 سے ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں ساڑھے 6 فیصد تک کمی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت ایکشن لینے اور اس حوالے سے روزانہ رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

کرایوں میں نمایاں فرق
بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ عوام سے ٹرانسپورٹ کرایے سابقہ سطح پر واپس لانے کا کیا گیا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی صورت میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی مزید کمی کرائی جائے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے قبل جو کرایے رائج تھے، انہیں دوبارہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور ریلیف کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔












