کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں حقیقی ریلیف ملنا شروع ہو گیا؟

(پنجاب پوسٹ):حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سروسز نے کرایوں میں 10 سے 15 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مسافروں کو سفری اخراجات میں خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے۔ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 2140 روپے سے کم کرکے 1800 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے خوشاب اور جوہر آباد کا کرایہ 1460 روپے کے بجائے 1280 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1300 روپے سے کم ہو کر 1150 روپے جبکہ لاہور سے جھنگ کا کرایہ 1440 روپے کے بجائے 1270 روپے کر دیا گیا ہے۔


اسی طرح لاہور سے ملتان سفر کرنے والے مسافروں کو بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور اس روٹ کا کرایہ 1940 روپے سے کم کرکے 1710 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ آپریٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں پر نظرثانی کی گئی ہے تاکہ اس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ذرائع کے مطابق دیگر شہروں کے لیے بھی اسی تناسب سے کرایوں میں کمی کی گئی ہے اور مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے نئے کرایہ نامے نافذ کر دیے ہیں۔ اس اقدام سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو مالی فائدہ پہنچے گا۔دوسری جانب مسافروں نے کرایوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اٹھایا گیا یہ اقدام مثبت ہے، تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے تناظر میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔ مسافروں کا مطالبہ ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور اس کے اثرات ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں بھی نظر آنے چاہئیں۔


شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جاتی ہے تو ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آ سکتی ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو نمایاں ریلیف ملے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے