بھوربن روات: نیوی لیفٹیننٹ طہ عباسی جہاز حادثے میں شہید، نماز جنازہ آج مغرب کے بعد


روات/مردان:(پنجاب پوسٹ) مردان میں پیش آنے والے افسوسناک تربیتی طیارہ حادثے میں پاکستان نیوی کے نوجوان اور باصلاحیت افسر لیفٹیننٹ طہ عباسی اور ان کے انسٹرکٹر قاسم عبداللہ شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ حادثے کی خبر سامنے آتے ہی نہ صرف ان کے آبائی علاقے بھوربن روات بلکہ پورے خطے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب صدمے کی کیفیت میں ہیں جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔شہید لیفٹیننٹ طہ عباسی معروف ماہر تعلیم پروفیسر شاہد نواز عباسی کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز وطن عزیز کے دفاع کے مقدس مشن کے لیے کیا اور مختصر عرصے میں اپنی قابلیت، نظم و ضبط اور جذبہ حب الوطنی کے باعث ساتھی افسران اور اعلیٰ حکام میں اچھی شہرت حاصل کر لی تھی۔ وہ اپنے خاندان اور علاقے کے لیے باعث فخر سمجھے جاتے تھے۔


خاندانی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ طہ عباسی کی شادی صرف دو ماہ قبل ہوئی تھی اور ان کی ازدواجی زندگی کا آغاز ہی ہوا تھا کہ یہ المناک سانحہ پیش آ گیا۔ ان کی شہادت نے ان کی اہلیہ، والدین اور دیگر اہل خانہ کو ناقابلِ بیان صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ شہید کی اچانک جدائی پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور اہل علاقہ ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
شہید طہ عباسی ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جس کی کئی نسلیں ملکی دفاع اور قومی خدمت سے وابستہ رہی ہیں۔ ان کے ایک بھائی پاک فوج جبکہ دوسرے بھائی پاک فضائیہ میں وطن کی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ یوں یہ خاندان پاکستان کی تینوں مسلح افواج میں نمائندگی رکھنے والا ایک منفرد اور قابل فخر خاندان بن گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ عباسی خاندان کی قربانیاں اور خدمات نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔
شہید لیفٹیننٹ طہ عباسی مرحوم اجمل نواز عباسی، مرحوم اکمل نواز عباسی اور شجاع نواز عباسی کے بھتیجے تھے۔ علاقے کے بزرگوں اور سماجی شخصیات نے انہیں ایک بااخلاق، خوش مزاج، ذمہ دار اور محنتی نوجوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت پورے علاقے کا نقصان ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی شہریوں کی جانب سے شہید افسر کے لیے دعاؤں اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب حادثے میں شہید ہونے والے انسٹرکٹر قاسم عبداللہ کو بھی ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیتی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں افسران معمول کی تربیتی پرواز پر تھے کہ دوران پرواز حادثہ پیش آ گیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
شہید لیفٹیننٹ طہ عباسی کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب روات کرکٹ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں پاکستان نیوی، پاک فوج، پاک فضائیہ کے افسران، سول انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ سکیورٹی اور انتظامی امور کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ طہ عباسی نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے امر ہو گئے ہیں۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں ان کی حب الوطنی، جرات اور فرض شناسی سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ شہید لیفٹیننٹ طہ عباسی اور انسٹرکٹر قاسم عبداللہ کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے