جمعیت اہلحدیث پاکستان اور یو ایس اے قیادت کی ملاقات، عالمی صورتحال، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور تنظیمی سرگرمیوں پر اہم مشاورت

جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر سے جمعیت اہلحدیث یو ایس اے کے صدر امیر معاویہ ڈار نے مرکزی سیکرٹریٹ قرآن و سنت اسلامک سنٹر یو ای ٹی سوسائٹی میں اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔اس ملاقات میں دینی، فکری، دعوتی اور تنظیمی امور سمیت بین الاقوامی سطح پر مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران امریکہ میں جمعیت اہلحدیث کے دعوتی، فلاحی اور تنظیمی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم مسلمانوں تک قرآن و سنت کی صحیح تعلیمات کو مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔

امیر معاویہ ڈار نے اس موقع پر جمعیت اہلحدیث پاکستان کی گزشتہ تین سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے دینی، فکری اور سماجی میدان میں قابلِ ذکر خدمات انجام دی ہیں۔علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان نہ صرف ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی دین اسلام کی دعوت، اصلاحِ معاشرہ اور دینی تشخص کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں امتِ مسلمہ کو اتحاد، برداشت اور علمی رہنمائی کی اشد ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر درپیش مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، اور اس کے خطے پر ممکنہ اثرات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اسلامی ممالک کو اختلافات کو مذاکرات، افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ نوجوان نسل کو دینی تعلیمات سے جوڑنے اور دعوتی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید فعال کیا جائے۔ملاقات میں قاضی عبد القدیر خاموش، حافظ عبدالباسط ڈار، مولانا نعیم الرحمن شیخوپوری، حاجی ریاض احمد، قاری شفیق الرحمن ربانی، پروفیسر عبدالغفار سلفی، صاحبزادہ حافظ مواحد الٰہی ظہیر اور حافظ سجاد اسلم سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، دینی خدمت اور دعوتِ دین کے مشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے