جوہر ٹاؤن میں ون ویلنگ کا خطرناک مظاہرہ، دو راہگیر لڑکیاں شدید زخمی

لاہور :(پنجاب پوسٹ)کے علاقے جوہر ٹاؤن میں مغل آئی ہسپتال کے قریب رات گئے ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کی ٹکر سے دو راہگیر لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں ون ویلنگ کر رہے تھے کہ اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود راہگیروں سے جا ٹکرائے۔حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی لڑکیوں کی شناخت عائشہ اور فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ لواحقین کے مطابق دونوں لڑکیوں کو شدید چوٹیں آئیں، جن میں ایک کی ٹانگ جبکہ دوسری کی ناک کی ہڈی متاثر ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ضرورت تھی جس پر مقامی شہریوں اور اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت انہیں قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی زخمی لڑکیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے تاہم مزید طبی معائنے اور علاج کا عمل جاری ہے۔مقامی شہریوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر رات کے اوقات میں ون ویلنگ ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے جس کے باعث شہریوں کی جان و مال کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب زخمی لڑکیوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے