ملتان(پنجاب پوسٹ)ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کو گاڑی تلے روند کر قتل کرنے والے ملزم توقیر نذیر کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا، جسے بعد ازاں بہاولپور کے ویسٹرن بائی پاس پر سی سی ڈی ٹیم نے تیز رفتار موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کرنے پر روکنے کی کوشش کی۔
موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، جس پر سی سی ڈی ٹیم نے جوابی ہوائی فائرنگ کی۔ دوران مقابلہ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، جبکہ کانسٹیبل رضا یوسف کے سینے پر گولی لگی، تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔













