فری سفری سہولت نے ریکارڈ توڑ دیے، 70 دن میں 9 کروڑ مسافروں نے فائدہ اٹھا لیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت نے رائڈرشپ کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ 4 اپریل سے 12 جون تک 70 دنوں کے دوران تقریباً 9 کروڑ مسافروں نے میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے مفت سفر کی سہولت حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ کے دوران اورنج لائن میٹرو ٹرین سے 2 کروڑ 31 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جبکہ لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً 1 کروڑ 43 لاکھ اور سپیڈو بسوں سے 1 کروڑ 8 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ لاہور میں پی ایم اے کے تحت چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں سے بھی 13 لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفر کیا۔
صرف لاہور میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے ذریعے تقریباً 4 کروڑ افراد نے مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریباً 24 لاکھ جبکہ پاکستان میٹرو بس سروس سے 95 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ ملتان میٹرو بس سسٹم سے 65 لاکھ سے زائد اور فیڈر روٹس پر تقریباً 12 لاکھ مسافروں نے مفت سفری سہولت حاصل کی، جبکہ مختلف اضلاع میں چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں میں 2 کروڑ سے زائد افراد نے سفر کیا۔


وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے 90 ملین مسافروں کو کامیابی سے مفت سفری سہولت فراہم کرنے پر متعلقہ اداروں اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مشکل معاشی حالات میں مفت سفری سہولت کا اعلان عوام کے لیے ایک اہم ریلیف ثابت ہوا ہے۔
بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی رش کے باوجود روزانہ تقریباً 13 لاکھ مسافروں کو مفت سفری سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث متاثر ہونے والے عام شہریوں کو ریلیف دینے کا اعزاز پنجاب حکومت کو حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں، ملازمین، طلبہ، خواتین، بزرگ شہریوں سمیت ہر طبقے کے افراد نے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ان کے مطابق گرین الیکٹرک بسیں پنجاب میں جدید، ماحول دوست اور آرام دہ سفری نظام کی علامت بن چکی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے امید ظاہر کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے اور قیمتیں کم ہوتے ہی عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی فوری کمی کی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے