لاہور: (پنجاب پوسٹ)پنجاب حکومت نے میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں پر فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں مسافروں کو آج رات تک مفت سفر کی سہولت میسر رہے گی، جس کے بعد تمام سروسز پر باقاعدہ کرایہ نافذ کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کے لوکل روڈ پروگرام میں نمایاں پیش رفت، 772 شاہراہیں مکمل
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ مفت سفری سہولت ایک محدود مدت کے لیے فراہم کی گئی تھی . مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد اب مسافروں سے طے شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔فیصلے کے تحت لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں میں چلنے والی میٹرو بس، اورنج لائن، سپیڈو اور الیکٹرک بس سروسز معمول کے کرایہ جاتی نظام کے تحت کام کریں گی۔واضح رہے کہ مفت سفری سہولت کے دوران ہزاروں شہریوں نے روزانہ کی بنیاد پر ان ٹرانسپورٹ سروسز سے استفادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تمام آپریٹنگ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ مقررہ وقت کے بعد کرایہ وصولی کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا جائے۔ متعلقہ اسٹیشنز، ٹکٹ کاؤنٹرز اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور باقاعدہ سفری سہولیات کی فراہمی جاری رہے گی جبکہ سروسز کے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایہ جاتی نظام کا نفاذ ضروری ہے۔















