لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین گیمز 2026 کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں صاحبزادہ فرحان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔
ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے، جبکہ تمغوں کے فیصلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔ کرکٹ ایونٹ آئیچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلا جائے گا۔
صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے اب تک 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
نوجوان کھلاڑی عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق 15 رکنی سکواڈ میں شامل 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے وائٹ بال کیمپ میں بھی حصہ لیں گے۔
پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ:
صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان۔








