پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون (PAC-I) نے صوبے کے تعلیمی شعبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی خامیوں پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ کمیٹی نے اعلیٰ تعلیم اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس کے تحت چلنے والے منصوبوں اور اخراجات کا تفصیلی آڈٹ شروع کرتے ہوئے مجموعی طور پر 50 آڈٹ پیراز کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب اسمبلی کے نئے مالی سال کیلئے 7 ارب 41 کروڑ سے زائد ترقیاتی بجٹ تجاویز، متعدد منصوبوں کیلئے فنڈز کی سفارش
آڈٹ رپورٹس کے ابتدائی جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متعدد منصوبوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منظوری دی گئی، جبکہ کئی منصوبوں کے دائرہ کار میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا جس سے لاگت میں واضح اضافہ ہوا۔ اسی طرح بعض منصوبوں میں ٹیکس کٹوتی نہ کرنے اور مالی دستاویزات میں شفافیت کی کمی جیسے سنگین مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان بے ضابطگیوں اور انتظامی غلطیوں کے نتیجے میں مجموعی مالی نقصان یا مشکوک اخراجات کا حجم تقریباً ایک ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس پر پی اے سی ون نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
کمیٹی اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اراکین نے کہا کہ منصوبہ بندی، عملدرآمد اور نگرانی کے نظام میں واضح کمزوریاں موجود ہیں، جنہوں نے عوامی وسائل کے غلط استعمال کے خدشات کو بڑھایا ہے۔
اجلاس میں ایس ڈی اے سی (SDAC) کی ہدایات پر بروقت عمل نہ ہونے کو بھی ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیا گیا اور اسے انتظامی غفلت سے تعبیر کیا گیا۔
پی اے سی ون نے رائے دی کہ ایسے مالی اور انتظامی معاملات کو ابتدائی مرحلے پر ہی نیب کے حوالے کیا جانا چاہیے تھا تاکہ بروقت اور شفاف تحقیقات ممکن ہوتیں۔ اس موقع پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایک ارب روپے مالیت سے متعلق چار اہم آڈٹ پیراز کو باقاعدہ طور پر نیب کے حوالے کیا جائے۔
نیب کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان معاملات کی جامع تحقیقات کرے اور تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پی اے سی ون کے سامنے پیش کرے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ احتسابی عمل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ عوامی پیسے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ اور مؤثر احتسابی نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسی مالی بے ضابطگیاں دوبارہ نہ ہو سکیں۔









ایک تبصرہ برائے “پنجاب اسمبلی پی اے سی ون کا ایک ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں پر نیب انکوائری کا حکم، 50 آڈٹ پیراز کی جانچ شروع”
[…] یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی پی اے سی ون کا ایک ارب روپے کی… […]