لاہور :(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس کے جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور مشتبہ رجسٹریشنز کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ باز محمد نامی شہری کے نام پر مجموعی طور پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس غیر معمولی ریکارڈ نے ٹریفک اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو عالمی پذیرائی، ورلڈ بینک کی 100 ملین ڈالر فنڈنگ میں دلچسپی
مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ مذکورہ شہری پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد کے ای چالان واجب الادا ہیں۔ ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر تھانہ مسلم ٹاؤن منتقل کر دیا۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کے بقایا ای چالان کی وصولی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
ٹریفک پولیس نے لاہور میں جعلی، مشتبہ یا غیر معمولی رجسٹریشنز کی جانچ کا دائرہ بھی وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی اور ای چالان نادہندگان کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔















