غزہ متاثرین کے ساتھ عید الاضحی ، الخدمت فاونڈیشن نے پاکستانی عوام کی نمائندگی کیسے کی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر غزہ جنگ سے متاثرہ یتیم بچوں اور مہاجرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مصر میں عید منائی۔ صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی اور الخدمت ناروے کے ذمہ داران بھی اس اہم دورے کا حصہ تھے۔
ذمہ داران نے مصر کے علاقے رحاب کی مرکزی مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد غزہ بارڈر کے قریب مصر کے اسٹریٹجک علاقوں بشمول راس غارب اور نوباریہ کے شہروں میں قائم سلاٹر ہاؤسز کا تفصیلی دورہ کیا۔ صدر الخدمت نے خود دنبہ ذبح کرکے اہل غزہ کے لیے قربانی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ذمہ داران نے سلاٹر ہاؤسز میں دورے کے دوران اہل غزہ کے لیے جاری قربانی مہم کے انتظامات، گوشت کی تیاری، پیکنگ اور اس کی محفوظ ترسیل کے پورے عمل کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

1

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے مصر میں الخدمت فاؤنڈیشن کی میزبانی اور زیرِ کفالت مقیم غزہ کے یتیم بچوں، بیواؤں اور جنگ سے متاثرہ مہاجر خاندانوں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں قربانی کا گوشت اور بچوں میں عیدی اور خصوصی تحائف تقسیم کیے۔ عید کی خوشیوں میں اپنوں کا پیار پا کر معصوم بچوں اور بیواؤں کے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹ آئیں۔بعد ازاں یتیم بچوں اور غزہ مہاجرین کے لیے خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اہلِ پاکستان نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ لازوال محبت کا ثبوت دیا ہے اور اپنی قربانیاں ان کے نام وقف کی ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ، پاکستانی عوام کی ان امانتوں کو انتہائی شفافیت اور پوری ذمہ داری کے ساتھ غزہ کے متاثرین تک پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان کے مخلصانہ تعاون سے

الخدمت فاؤنڈیشن اس سال غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے لیے 950 جانوروں کی قربانی کا اہتمام کر رہی ہے، تاکہ جنگ کی ہولناکیوں سے گزرنے والے یہ خاندان بھی عید کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں۔

Capture 69

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے معصوم بچوں اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا یہ سلسلہ ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

الخدمت کے زیر اہتمام مصر کے علاوہ القدس، ویسٹ بینک، لبنان میں بھی اہل غزہ کے لیے قربانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ محدود پیمانے پر غزہ کے اندر بھی قربانی کا انتظام کیا گیا اور تازہ گوشت جنگ سے متاثرہ علاقوں میں موجود متاثرین تک پہنچایا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے