لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کامیاب سرجری کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہے اور وہ صحتیابی کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا کہ مریم نواز کی لاہور کے شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں ایک بڑی سرجری کی گئی، جو منصوبہ بندی اور توقعات کے مطابق کامیابی سے مکمل ہوئی۔
ڈاکٹر عدنان کے مطابق سرجری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو احتیاطی طور پر ایک رات انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا، تاہم اب انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ گھر پر آرام کرتے ہوئے صحتیابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرجری کی پیچیدگی کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب کو بیرونِ ملک کسی جدید طبی مرکز سے علاج کرانے کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم مریم نواز نے بیرون ملک جانے کے بجائے لاہور میں ہی علاج کروانے کا فیصلہ کیا۔
محکمہ اوقاف اوکاڑہ اور پاکپتن میں کرپشن، برطرف اہلکاروں نے کتنے کا چونا لگایا؟
ڈاکٹر عدنان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت، طاقت اور طویل زندگی عطا فرمائے















