لاہور( پنجاب پوسٹ)سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر محکمہ اوقاف میں مالی بے ضابطگیوں اور غفلت برتنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پانچ افسران و ملازمین کو برطرفی، تنزلی، ریکوری اور دیگر سزائیں سنا دی گئیں۔
ترجمان اوقاف کے مطابق ڈاکٹر احسان بھٹہ نے پیڈا ایکٹ کے تحت پاکپتن زون اور اوکاڑہ سرکل کے فیلڈ افسران و عملے کے خلاف مالی غبن اور سنگین غفلت ثابت ہونے پر فیصلہ جاری کیا۔
ترجمان کے مطابق زونل ایڈمنسٹریٹر ضیاء المصطفیٰ کو انتظامی نگرانی میں مکمل ناکامی پر چار سال کے لیے نچلے عہدے پر تنزلی اور فیلڈ پوسٹنگز پر مستقل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سابق منیجر اوقاف شفقت عباس کو ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے 35 لاکھ 28 ہزار 181 روپے کی ریکوری کا حکم دیا گیا، جبکہ سینئر کلرک عامر ستار کو ملازمت سے برطرف کر کے 71 لاکھ 11 ہزار 281 روپے کی ریکوری عائد کی گئی۔ مزید برآں بینک رسیدات میں جعلسازی اور لیز فنڈز میں غبن کے الزامات پر ان کا کیس اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے سپرد کر دیا گیا۔
ترجمان اوقاف کے مطابق مشکوک ڈیجیٹل لین دین کا تسلی بخش جواز پیش نہ کرنے پر رینٹ کلرک زوار حسین، محمد رمضان اور جونیئر کلرک زاہد اقبال کی تین سالانہ ترقیاں (انکریمنٹس) روک دی گئی ہیں۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ غبن کیے گئے تمام عوامی فنڈز جارحانہ انداز میں واپس لیے جائیں گے، جبکہ ریکوری براہ راست محکمانہ کٹوتیوں، سول کورٹس اور پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت سختی سے نافذ کی جائے گی۔










