پنجاب بھر کی کتنی مساجد اور کھلے مقامات پر عید اجتماعات ہونگے؟ سیکورٹی کتنی ہوگی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور: عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور عید اجتماعات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 30 ہزار 630 مساجد اور کھلے مقامات پر ہونے والے 907 عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کی 316 خصوصی ٹیمیں بھی فرائض سرانجام دیں گی۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت 11 ہزار 130 میٹل ڈٹیکٹرز، 327 واک تھرو گیٹس اور 15 ہزار 273 سی سی ٹی وی کیمرے نگرانی اور چیکنگ کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 11 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

پنجاب میں قربانی کی کھالیں، کس جماعت کو دینے کی اجازت ہے؟: پنجاب بھر کی کتنی مساجد اور کھلے مقامات پر عید اجتماعات ہونگے؟ سیکورٹی کتنی ہوگی؟

آئی جی پنجاب نے ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے نماز عید سے قبل تمام مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی، سادہ لباس میں کمانڈوز کی تعیناتی، کومبنگ آپریشنز، سائبر پٹرولنگ اور قربانی کی کھالوں سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کالعدم و ممنوعہ جماعتوں کی جانب سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے مویشی منڈیوں، بازاروں، پارکوں، تفریحی مقامات اور سیاحتی علاقوں خصوصاً مری میں سکیورٹی بڑھانے، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائی اور ٹریفک روانی کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے