عید الاضحیٰ : پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ، درجہ حرارت کہاں تک جائے گا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

​  اعلامیے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ​ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

​ پی ڈی ایم اے پنجاب  کا  کہنا ہےکہ   ہیٹ ویو کے دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے  کا امکان ہے ،عوام الناس سے گزارش ہے کہ گرمی و ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شدید دھوپ میں غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں،گرمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں ۔

 محکمہ نے مشورہ دیا ہے کہ باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپنے کے لیے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں،​ شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو لازمی طور پر گھروں کے اندر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سفر کرنے والے افراد کو گاڑی کے ٹائروں کے پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

​  پی ڈی ایم اے پنجاب  نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق بے زبان پرندوں اور جانوروں کیلئے پانی کے برتن رکھے جائیں، مویشیوں کو وقفے وقفے سے پانی پلایا جائے اور ان پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ انہیں گرمی سے بچایا جا سکے۔

کل پنجاب میں کتنے جانوروں کی قربانی ہوگی؟: عید الاضحیٰ : پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ، درجہ حرارت کہاں تک جائے گا؟

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ بکرا منڈیوں میں پینے کے پانی اور عارضی سایہ دار مقامات کا انتظام یقینی بنایا جائے جبکہ قصابوں، مویشی تاجروں اور صفائی کے عملے کو بھی ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے خصوصی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔

ڈی جی عمر جاوید کا کہنا تھا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مویشی منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کیلئے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہیٹ ویو سے متعلق معلومات یا ہنگامی مدد کیلئے شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے موقع پر پنجاب میں دیسی شراب کی سپلائی، 25000لٹر شراب کیسے پکڑی گئی؟: عید الاضحیٰ : پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ، درجہ حرارت کہاں تک جائے گا؟

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے