شیخوپورہ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے عیدالاضحیٰ سے قبل بڑی کارروائی کرتے ہوئے شیخوپورہ کے علاقے بہار کالونی میں دیسی شراب تیار کرنے والے ایک بڑے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد کر لی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر کے عید کے موقع پر لاہور، شیخوپورہ اور ملتان ڈویژن میں شراب کی منصوبہ بند سپلائی ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائی ہیلپ لائن 1012 پر موصول خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ چھاپے کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ مقام پر بڑے پیمانے پر غیر قانونی دیسی شراب تیار کی جا رہی تھی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار گروہ عید کے دنوں میں مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر سپلائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
چاند رات، لاہوری منچلوں کی موجیں ختم، 70 بازاروں میں تین ہزار ٹریفک اہلکار تعینات: عید کے موقع پر پنجاب میں دیسی شراب کی سپلائی، 25000لٹر شراب کیسے پکڑی گئی؟کارروائی کے دوران تقریباً 24 ہزار 910 لیٹر دیسی شراب برآمد کی گئی، جس میں 300 لیٹر والے 182 کین، ایک ہزار لیٹر کے 17 مکمل اور 2 نصف بھرے ٹینک شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 450 ملی لیٹر کی 3200 سے زائد بوتلیں بھی قبضے میں لی گئیں جن کی گنتی جاری ہے۔
سی این ایف حکام کے مطابق ملزمان نہ صرف شراب بلکہ منشیات کی فروخت میں بھی ملوث تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، 3 میگزینز اور 9 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
گرفتار دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہر سال زہریلی اور غیر معیاری شراب پینے سے سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ متعدد افراد عمر بھر کی معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ کارروائی کو انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے اور منشیات و غیر قانونی شراب کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔










