جنوبی پنجاب میں سورج سوا نیزے پر، درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ 25 سے 31 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ رہے گی اور درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی شدید گرمی متوقع ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ ہر ممکن پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔ بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

1002013623

ادھر کاشتکاروں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے