لاہور (پنجاب پوسٹ)لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے جعلی نوٹوں کے ذریعے قربانی کے جانور خریدنے والے شاطر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عیدالاضحیٰ کے موقع پر معصوم بیوپاریوں کو جعلی کرنسی تھما کر نوسر بازی کر رہا تھا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق تھانہ شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن میں موصول ہونے والی درخواستوں پر مقدمات درج کیے گئے، جس کے بعد اے ایس پی شاہزیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم اسد کو صرف 12 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاہدرہ اور گردونواح میں بیوپاریوں سے بکرے خریدتا اور جعلی نوٹ دے کر فرار ہو جاتا تھا۔ ملزم رقم کی ادائیگی کے دوران جلد بازی کرتے ہوئے نوٹ فوری طور پر بیوپاریوں کی جیب میں ڈال دیتا تاکہ شک نہ ہو۔ بعد ازاں جب بیوپاری مارکیٹ جاتے تو جعلی نوٹ ہونے کا انکشاف ہوتا۔
ایس پی سٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم ایک نیٹ ورک کے ذریعے پشاور سے جعلی نوٹ منگواتا تھا۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ اور ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی عاطف امیر نے بروقت کارروائی پر اے ایس پی شاہزیب اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے شہریوں اور بیوپاریوں کو عید کے موقع پر نوسر بازوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔















ایک تبصرہ برائے “جعلی نوٹ دیکر قربانی کے جانور خریدنے والا نو سرباز لاہور سے کیسے گرفتار ہوا؟”
[…] […]