لاہور(پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے شعبہ ہسٹری، آرٹس اینڈ کلچرل ہیریٹیج کے زیر اہتمام بی ایف اے تھیسز ڈسپلے اور فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں فائن آرٹس کے طلبہ و طالبات نے اپنے تخلیقی اور تحقیقی منصوبے پیش کیے۔ نمائش میں مصنوعی ذہانت، صحت، ماحولیات، جدید ٹیکنالوجی اور معاشرتی مسائل جیسے موضوعات کو فن کے مختلف انداز میں اجاگر کیا گیا۔
نمائش کا افتتاح یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے کیا جبکہ اس موقع پر پرنسپل بنک روڈ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ مظہر، اساتذہ، طلبہ، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نمائش میں گرافک ڈیزائن اور پینٹنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے گریجویٹنگ طلبہ نے سو سے زائد فن پارے پیش کیے،
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے نمائش کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کے فن پاروں کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن نہ صرف معیاری تعلیم کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے بلکہ طلبہ کی تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ اور تخلیقی اظہار کسی بھی معاشرے کی فکری ترقی کا اہم حصہ ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے موضوعات کو فن کے ذریعے پیش کرنا طلبہ کی شعوری پختگی اور عصرِ حاضر سے آگاہی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علمی و تخلیقی پلیٹ فارمز طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، خود اعتمادی میں اضافے اور پیشہ وارانہ زندگی کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وائس چانسلر نے طلبہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں کا فروغ ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے فن پاروں کے پس منظر اور تخلیقی تصورات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا،
















