راولپنڈی(پنجاب پوسٹ) آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے آج مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا۔ جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس یہ ہتھیار طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل استعداد میں اضافہ اور بہتر درستگی و بڑھتی ہوئی بقا کی صلاحیت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی معیار کی توثیق کرنا تھا۔
اس تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ادارے کے سائنس دانوں اور انجینیئرز نے بھی کیا۔
صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے فتح-4 کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہتے ہوئے اس منصوبے میں شامل تمام افراد کی فنی مہارت، لگن اور عزم کی تعریف کی، جنہوں نے ایف سیریز میزائل پروگرام کے اس کامیاب تجربے میں کردار ادا کیا۔












