لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن جاری ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے واسا لاہور کو فوری طور پر نکاسی آب کی مشینری متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے بروقت پانی نکالا جائے اور ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، واسا اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا سوہنا پنجاب پروگرام، دیہات میں ترقیاتی سکیموں پر کام جاری
انتظامیہ کے مطابق نشیبی علاقوں میں نکاسی آب پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور واسا کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشینری اور عملہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شدید بارش کے دوران شہری بجلی کے کھمبوں، ٹوٹی ہوئی تاروں اور کھلے مین ہولز سے دور رہیں۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مین ہول کا ڈھکن خود نہ ہٹائیں اور نشیبی مقامات، بجلی کی تنصیبات اور زیر تعمیر مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن میں خواتین کیوں نہیں آرہی تھیں؟ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیا وجہ بتائیں؟
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بچنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اربن فلڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور نکاسی آب کا عمل مسلسل جاری رکھا جا رہا ہے۔















