لاہور(پنجاب پوسٹ) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ طلبہ یونینز اور طلبہ تنظیمیں دو الگ چیزیں ہیں، طلبہ یونینز کی بحالی میں ایک دن کی تاخیر بھی نہیں ہونی چاہیے۔ دنیا کی ٹاپ پانچ یونیورسٹیز میں دیکھا جائے کہ طلبہ یونینز کس طرح کام کرتی ہیں۔ ماضی میں طلبہ یونینز نے ملک کو ایسے سیاست دان دیے جن کی تربیت موجودہ دور سے بہتر تھی۔ طلبہ یونینز کے ذریعے جامعات میں ایسی نسل تیار کی جا سکتی ہے جو مستقبل میں اپنے اپنے شعبوں میں قیادت کا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز کی تشکیل کے لیے مجوزہ طریقہ کار حتمی نہیں، اس پر مزید بحث کی جا سکتی ہے جبکہ ماضی کے تجربات اور طلبہ تنظیموں کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آئین پاکستان میں صوبوں کے قیام اور حدود میں تبدیلی کا واضح طریقہ کار موجود ہے۔
آئین کے آرٹیکل 239 کی شق ایک اور دو کے تحت آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے جبکہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے۔ پنجاب کی تقسیم کے لیے پنجاب اسمبلی کی منظوری لازمی ہے۔ ریفرنڈم آرٹیکل 239 کی شق چار میں درج آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا اعتراض اپنی جگہ درست ہے، تاہم ماضی میں پیپلز پارٹی خود پنجاب کی تقسیم اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قراردادیں پارلیمنٹ میں پیش کر چکی ہے۔ 2012 میں فرحت اللہ بابر نے سینیٹ جبکہ فاروق ایچ نائیک نے قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق قرارداد پیش کی تھی۔ اس وقت مسلم لیگ ن کے ارکان نے آئینی اختیار صوبائی اسمبلی کے پاس ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تقسیم کے لیے آبادی اور پسماندگی کو بنیاد بنایا گیا تھا، اگر یہی اصول ہے تو سندھ میں بھی ایسے عوامل موجود ہیں۔ پنجاب کی تقسیم کی خواہش رکھنے والی پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر بھی یکساں اصول اپنانا چاہیے۔ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کو واضح اور یکساں مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے قیام پاکستان سے قبل صوبہ سرحد کے ریفرنڈم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام سے پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ الحاق کے حوالے سے رائے لی گئی تھی۔ عوام کے براہ راست فیصلے کو جمہوری عمل میں بنیادی اہمیت حاصل ہے، تاہم ریفرنڈم اور آئینی طریقہ کار دو الگ معاملات ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو آئینی تقاضوں کے مطابق کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھین:پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے بغیر بھی نئے صوبے بنیں گے ، اہم آئینی منصوبہ سامنے آگیا
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام، انتظامی یونٹس کو چھوٹا کرنے اور حکومتی نظام کے مختلف ماڈلز پر یونیورسٹیوں، نوجوانوں اور سول سوسائٹی میں بحث خوش آئند ہے۔ مقامی حکومتوں کا مضبوط نظام بھی ضروری ہے اور انتظامی ڈھانچے میں بہتری کے لیے تمام تجاویز پر کھلے دل سے بحث ہونی چاہیے۔










