جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ، کون سی فصلیں متاثر ہونگی ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمے کے مطابق بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث آئندہ تین ماہ کے دوران صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ بارشیں نہ ہونے سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔ سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ اکتوبر میں بارشوں میں 100 فیصد کمی ہوئی۔ اسی طرح یکم سے 20 نومبر تک سندھ میں معمول سے 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔

بلوچستان میں بھی صورتحال مختلف نہیں رہی۔ اکتوبر کے دوران وہاں معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں میں 79 فیصد کمی دیکھی گئی۔

محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دسمبر سے فروری تک بھی سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہو سکتی ہیں۔ بارشوں کی کمی سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں، زمین میں نمی کم ہو سکتی ہے اور زیر زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

محکمے کے مطابق بارانی علاقوں میں فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خشک سالی سے متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کریں۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا یہ الرٹ احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کیا گیا ہے اور ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے