حافظ آباد: بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی بھرمار، جرائم میں تشویشناک اضافہ

حافظ آباد(پنجاب پوسٹ)حافظ آباد اور گردونواح میں بغیر نمبر پلیٹ، جعلی اور غیر قانونی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بڑھتی تعداد پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس سے فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں اور مختلف سماجی حلقوں کے مطابق شہر میں بڑی تعداد میں ایسی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں زیرِ استعمال ہیں جن پر یا تو نمبر پلیٹ موجود نہیں یا پھر "اپلائیڈ فار” اور غیر رجسٹرڈ نمبر درج ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بھی بڑھ رہی ہیں، جس کے باعث حادثات میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شہریوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ مشکوک افراد کی آزادانہ نقل و حرکت سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہو رہی ہے، خصوصاً خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں نئی سہولت، نکاح رجسٹریشن اور میرج سرٹیفکیٹ اب کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟: حافظ آباد: بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی بھرمار، جرائم میں تشویشناک اضافہ

شہریوں نے پنجاب ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کو تحویل میں لیا جائے اور جعلی یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مؤثر چیکنگ اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جلد منظم مہم شروع کی جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے