لاہور (پنجاب پوسٹ) بنگلہ دیش کے 35 رکنی اعلیٰ سطحی سول سروسز کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ بنگلہ دیشی وفد میں ایڈیشنل سیکرٹریز، جوائنٹ سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ افسران شامل تھے۔
چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر سیف سٹیز کامران حمید نے بنگلہ دیشی وفد کا استقبال کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔وفد نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سرویلنس سسٹم ، ٹریفک مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے عملی نظام کا مشاہدہ کیا۔

ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس نے وفد کو ادارے کی ورکنگ، جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ سیف سٹیز پروگرام پر بریفنگ دی اور پنجاب بھر میں 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز پر مشتمل جدید سرویلنس سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سمارٹ سیف سٹیز نیٹ ورک کی تحصیل سطح تک توسیع پر بھی بریفنگ دی گئی۔بنگلہ دیشی افسران کو سیف سٹیز کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی نگرانی، فیشل ریکگنیشن اور سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز سے آگاہ کیا گیا
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی کے جدید اے آئی سسٹمز جرائم پیشہ عناصر کی شناخت، مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور پولیس کارروائی میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔وفد کو اے آئی بیسڈ کرائم اینالیٹکس، نمبر پلیٹ ریکگنیشن اور جدید ورچوئل پٹرولنگ نظام کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اے آئی گورننس اور انفارمیشن سکیورٹی کے بین الاقوامی ISO سرٹیفکیشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔بنگلہ دیشی افسران نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ اور شہری تحفظ کے نظام کو سراہا۔
بنگلہ دیشی افسران نے بتایا کہ پنجاب سیف سٹیز کا اے آئی بیسڈ سرویلنس اور سمارٹ پولیسنگ ماڈل جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی بہترین مثال ہے۔دورے کے اختتام پر بنگلہ دیشی وفد کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔











